ہائیر ایجوکیشن کمیشن

 5000 سے زائد طلباء کی ایچ ای سی کے پہلے لرننگ اسکلز اسسمنٹ ٹیسٹ میں شرکت

عصری تقاضوں سے ہم آہنگ لرننگ سکلز اسسمنٹ ٹیسٹ ایک عمومی قابلیت کا امتحان ہے جو عالمی بینک انٹرنیشنل کنسلٹنٹ ڈاکٹر سلواڈور مالو کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے

اسلام آباد (بزنس کیفے) : ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ہائر ایجوکیشن ڈویلپمنٹ پروگرام ان پاکستان منصوبے کے تحت پاکستان بھر کے الحاق شدہ کالجوں/یونیورسٹیوں میں پہلی مرتبہ لرننگ سکلز اسسمنٹ ٹیسٹ کا انعقاد کیا۔ اس ٹیسٹ میں 5,000 سے زیادہ طلباء نے حصہ لیا۔ عصری تقاضوں سے ہم آہنگ لرننگ سکلز اسسمنٹ ٹیسٹ ایک عمومی قابلیت کا امتحان ہے جو عالمی بینک انٹرنیشنل کنسلٹنٹ ڈاکٹر سلواڈور مالو کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔ یہ ٹیسٹ تین شعبوں یعنی انفارمیشن مینجمنٹ، کمیونیکیشن، اور مسائل کے حل میں طلباء کی "عمومی قابلیت” کو جانچتا ہے۔ ستمبر 2023 میں ملک بھر میں نظرثانی شدہ انڈرگریجوایٹ ایجوکیشن پالیسی کے باضابطہ اجراءکے بعد ضروری ہے کہ اسسمنٹ اسٹڈی کے ذریعے سیکھنے کے عمل پر انڈرگریجوایٹ ایجوکیشن پالیسی کے اثرات کا اندازہ لگایا جائے۔ پاکستان کے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں کیے جانے والے زیادہ تر امتحانات جو ایک مخصوص مضمون میں طلبہ کی قابلیت کا جائزہ لینے پرمبنی ہوتے ہیں کے برعکس،  لرننگ سکلز اسسمنٹ ٹیسٹ طلبہ کی عمومی صلاحیتوں کا اندازہ لگاتا ہے۔ یہ عام قابلیت کا امتحان ایک معیاری ٹیسٹ ہے جو زبانی استعداد، عددی استدلال، اور تجریدی استدلال سمیت مختلف علمی صلاحیتوں کو جانچتا ہے۔ پچھلے سال، ایچ ای سی نے مختلف تعلیمی اور تادیبی پس منظر جیسے کہ سائنس، آرٹس، ہیومینٹیز، سوشل سائنسز، ریاضی، اور نفسیات سے تعلق رکھنے والے منتخب 15 فیکلٹی ممبران کے ساتھ ایک مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد کیا تاکہ مطالعہ کے طریقہ کار کو ترتیب دیا جاسکے۔ لرننگ سکلز اسسمنٹ ٹیسٹ ڈیٹا انفارمیشن مینجمنٹ، کمیونیکیشن، اور مسائل کے حل سے متعلق طلباء کی مہارتوں کو جانچنے کا امتحان ہے ۔ پاکستان کے الحاق شدہ کالجوں میں داخلہ لینے والے طلباء میں عمومی صلاحیتوں کے حصول میں بہتری کا جائزہ لینے کے لیے اگلے ٹیسٹ دسمبر 2024 اور مئی 2025 میں منعقد کیے جائیں گے۔ ایچ ای ڈی پی ایچ ای سی کا ایک اہم منصوبہ ہے، جو ایچ ای سی کی تحقیق، گورننس، صلاحیت سازی سے متعلق پالیسی سازی، اور آئی ٹی کے شعبہ جات میں ایچ ای سی کو مدد فراہم کرتاہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button