سیاحت

خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کا عیدالفطر پر تخت بھائی ٹرین سفاری چلانے کا فیصلہ

تخت بھائی ٹرین سفاری کا مقصد صوبہ میں موجود نادر آثارقدیمہ پر مبنی مذہبی سیاحت سے متعلق قومی اور عالمی سطح پر آگاہی فراہم کرنا ہے، مشیر سیاحت زاہد چن زیب

پشاور : (بزنس کیفے) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت، ثقافت و آثارقدیمہ زاہد چن زیب نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے موقع پرسیاحوں کیلئے تخت بھائی ٹرین سفاری چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جہاں شرکاء کو یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثہ کی سیر کرائی جائے گی۔ اس امر کا انکشاف انہوں نے ٹورازم اتھارٹی کے دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرسیکرٹری محکمہ سیاحت و ثقافت بختیار خان، ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی برکت اللہ مروت، منیجر ایونٹس حسینہ شوکت اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب کا کہنا تھا کہ کلچر اینڈٹورازم اتھارٹی کے تعاون سے 13 اپریل بروز ہفتہ کو دوسری بارآثارقدیمہ تخت بھائی کے مقام تک ٹرین سفاری چلائی جا رہی ہے جس میں فیمیلز کو پشاور صدر ریلوے سٹیشن سے لیجایا جائے گا اور راستے میں مختلف تاریخی مقامات کی سیر کرائی جائے گی جن میں سٹی ریلوے سٹیشن، ناصر پور، پبی، نوشہرہ، رسالپور اور مردان شامل ہیں۔ زاہد چن زیب نے کہا کہ مستقبل میں ہماری کوشش ہے کہ سیاحوں کی سیر و تفریح کیلئے گاہے بگاہے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کرتے رہیں جبکہ ٹرین سفاری بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ یونیسکو کے اس عالمی ثقافتی ورثے یعنی تخت بھائی کے آثارقدیمہ کے مقام پر شرکاء کو مختلف تاریخی مقامات بالخصوص تخت بھائی میں قدیم بدھ خانقاہوں کی سیر بھی کرائی جائے گی۔ ڈی جی ٹورازم اتھارٹی برکت اللہ مروت کا کہنا تھا کہ دورے میں مرد و خواتین اور بچوں کیلئے اس قابل ذکر مقام کی تاریخی اہمیت کو جاننے کیلئے ایک روزہ گائیڈڈ ٹور کا اہتمام کرنے جا رہے ہیں۔ عیدالفطر پر جہاں سیاحتی مقامات پر ٹورازم پولیس کے نوجوان سیاحوں کو ہرممکن سہولیات کی فراہم کیلئے خدمات سرانجام دینگے وہیں سیاحوں کیلئے سیر و تفریح کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔ ٹور کے دوران شرکاء کو پہلی صدی عیسوی کی بدھ تہذیب کی باقیات کی معلومات سے روشناس کرایا جائے گا۔ روانگی سے قبل ریلوے سٹیشن آمد کے موقع پر شرکاء کو روایتی بینڈ کی دھنوں سے خوش آمدید کہا جائے گا جبکہ دوران سفر ماہر آثارقدیمہ اور گائیڈ تخت بھائی کی تاریخ اور فن تعمیر کے بارے میں قیمتی معلومات فراہم کریں گے۔ دورے کا مقصد صوبہ میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ شرکاء کو مذہبی، ثقافتی اور آثارقدیمہ کے مقامات، ورثے اور تاریخ کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اس علاقے اور یہاں کی ماضی کی شان و شوکت کی اہمیت کو سمجھ سکیں۔ تخت بھائی کے کھنڈرات کو یونیسکو نے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا ہے جس میں دنیا بھر سے لاکھوں ملکی و غیر ملکی سیاح، بدھ مت کے پیروکار، مورخین اور آثارقدیمہ کے ماہرین یہاں کا دورہ کر چکے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ مقام بدھ مت کے پیروکاروں کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button