اوپن یونیورسٹی میں اسکالرشپ جیتنے والے طلبہ کے اعزاز میں تقریب
میرٹ سکالرشپس جیتنے والے طلبہ کی تعداد ایک سو انتیس ہے، فائنل ائیر پراجیکٹ گرانٹ کے لئے13طلبہ منتخب، انعامی رقوم کے چیک تقسیم سکالرشپس کی مد میں فنڈز کی کوئی قید نہیں۔ ڈاکٹر ناصر محمود
ِ اسلام آباد : علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ذہین طلبہ کے ساتھ ساتھ غریب، مستحق اور ضرورت مند طلبہ کو سکالرشپس دینے اور فیس میں رعایت فراہم کرنے کی مد میں گذشتہ سال125ملین کی خطیر رقم مختص کی تھی جس سے 36,640طلبہ مستفید ہوئے، مستحق طلبہ کو فیسوں میں رعایت فراہم کرنے،بلوچستان، قبائلی اضلاع اور گلگت بلتستان کے عوام کو میٹرک کی مفت تعلیم فراہم کرنے، ذہین طلبہ کو میرٹ سکالرشپس دینے کے لئے فنڈ کی کوئی قید نہیں، 80فیصد سے زائد نمبرز حاصل کرنے پر درخواست دینے والے تمام طلبہ کو میرٹ سکالرشپ کے تحت انہیں اُن کی سمسٹر کی پوری فیس واپس کی جائے گی”اِن خیالات کا اظہار یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے فائنل ایئر پراجیکٹ گرانٹ اور میرٹ سکالرشپس جیتنے والے طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے اپنے خطاب میں کیا۔15مختلف ڈپارٹمنٹس کے 129طلبہ نے سمسٹر خزاں 2023ء میں 80فیصد سے زائد نمبرز حاصل کرکے میرٹ سکالرشپس جیتی ہیں جبکہ فائنل ائیر پراجیکٹ گرا نٹ کے لئے تین ڈپارٹمنٹس کے 13طلبہ منتخب ہو ئے ہیں۔ واضح رہے کہ یونیورسٹی پالیسی کے تحت 80فیصد نمبرز حاصل کرنے والے طلبہ سکالرشپس کے حصول کے لئے بروقت اپلائی لازمی کریں گے بصورت دیگر یونیورسٹی ذمہ دار نہیں ہوگی۔اس تقریب میں وائس چانسلر نے کامیاب طلبہ میں سکالرشپس اور گرانٹ کی رقوم کے چیک تقسیم کئے۔ ڈاکٹر ناصر محمود نے مزید کہا کہ زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے محنت ضروری ہے، کامیابی محنت کے بغیر حاصل نہیں ہوتی۔ سکالرشپس جیتنے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے، ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ میرٹ سکالرشپس کا مقصد ٹیلنٹ کوبڑھانا اور مستحق طلبہ کو تعلیم مکمل کرنے میں مدد دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ سکالرشپس حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز کو دیکھ کر باقی طلبہ بھی ٹیلنٹ کی اس دوڑ میں شامل ہونے کی کوشش کریں گے۔وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ سکالرشپس جیتنے والوں کے لئے آگے بڑھنے کے راستے کھلے ہیں، اُن کے لئے دنیا میں وسیع مواقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ پاک نے باقی طلبہ کو بھی سکالرشپس جیتنے والے طلبہ جیسی صلاحیتیں دی ہیں، دونوں میں فرق صرف محنت کا ہے، اگر باقی طلبہ بھی محنت کریں تو وہ بھی یہ مقام حاصل کرسکتے ہیں۔تقریب کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس ایڈوائزری اینڈ کونسلنگ سروسسز نے کیا تھا۔تقریب سے فیکلٹی آف سائنسز کی ڈین، پروفیسر ڈاکٹر ہاجرہ احمد، پروفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد ارشد، ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افئیرز، سید غلام کاظم علی نے بھی خطاب کیا اور سکالرشپس حاصل کرنے والے بچوں کو مبارکباد دی۔