یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور میں یونیورسٹی آف واروک کے تعاون سے یوتھ سپورٹ پروگرام کا باقاعدہ آغاز
لاہور : یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور میں یونیورسٹی آف واروک (برطانیہ) کے تعاون سے یوتھ سپورٹ پروگرام کا گزشتہ روز باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ نوجوانوں میں اکیسویں صدی کی مہارتوں کو فروغ دینے کے لیے شروع کئے جانے والے اس پروگرام کی افتتاحی تقریب جامعہ کے مرکزی کیمپس، ٹاﺅن شپ میں منعقد ہوئی۔ ڈاکٹر نائمہ قریشی اسسٹنٹ پروفیسر،یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور نے اس پروگرام کو بطور ایک بین الاقوامی مددگار کے طور پر یونیورسٹی آف واروک، یو کے سے حاصل کیا ہے، جس کے لئے یونیورسٹی آف واروک، یو کے نے پروگرام کی سپورٹ کی مد میں مبلغ 3000 پاﺅنڈ مہیا کیے ہیں۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد سوچ، ہمدردی، با مقصد تنقید اور مشترکہ ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینا ہے، جو نوجوانوں کو ان کی باہمی اور دنیا کی منفی اور مثبت اثرات میں تبدیلی لانے میں ماہر بنائے گی۔ یہ پروگرام نوجوان نسل کو عالمی سطح پر سرمایہ کاری اور21ویں صدی کے چیلنجز کے لیے تیار کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ، یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور پروفیسر ڈاکٹر محمد عالم سعید نے یونیورسٹی آف واروک (برطانیہ) کے اس طرز کے پہلے بین الاقوامی پروگرام کو یونیورسٹی آف ایجوکیشن سے مل کر شروع کرنے پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا بلاشبہ ہماری نوجوان نسل کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے میں یہ پروگرام مددگار ثابت ہوگا۔