جامعات

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے طلبہ کی سہولتوں میں اضافہ کریں گے، سروسز کومزید بہتر بنائیں گے۔ ڈاکٹر ناصر محمود

خزاں 2024ء سے داخل طلبہ کو ڈگریاں از خود جائیں گی۔

اسلام آباد : علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے گزشتہ روز فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے تجز یہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی سمسٹر خزاں 2024ء سے داخل طلبہ کو ڈگریاں از خود ارسال کرے گی، طلبہ کوڈگری کے حصول کے لئے الگ سے درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات اور داخلوں کے امور میں بہتری لانے پر خصوصی توجہ مرکوز ہے، کنٹرولر امتحانات کو ہدایت کی ہے کہ ڈگریوں کے زیر التوا کیسزکو جلد از جلد نمٹا کر ڈگریاں جاری کریں۔ڈاکٹر ناصر نے مزید کہا کہ مسائل کے حل کے لئے طلبہ کی سہولتوں میں امکان کی آخری حد تک اضافہ کریں گے، سروسز کو مزید بہتر بنائیں گے تاکہ طلبہ کا یونیورسٹی پر اعتماد میں اضافہ ہو اور ڈراپ آؤٹ کی شرح کم سے کم ہو۔وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی کے معاملات کو بہتر کرنے میں فیکلٹی ممبران اہم کردار ادا کررہے ہیں جن کی وجہ سے ہمارا ادارہ پاکستان کے چند بہترین اداروں میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ طلبہ اور ادارے کی بہتری کے لئے ہم سب اپنے اپنے دائرہ اختیار میں مصروف عمل رہتے ہیں۔وائس چانسلر نے کہا کہ ہمیں جاب بیسڈ مختصر کورسز کے ساتھ ساتھ مارکیٹ بیسڈڈگری پروگراموں پر بھی خصوصی توجہ دینی ہوگی۔قبل ازیں فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے تعلیمی امور پر تفصیلی بریفننگ دی۔ انہوں نے داخلوں کی تعداد بڑھانے کے لئے مختلف تجاویز دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں زیادہ سے زیادہ کلسٹر بنانے اور سرٹیفیکیٹ کورسز متعارف کرنے کی ضرورت ہے۔فیکلٹی ممبران نے چند مسائل کی نشاندہی کی جس پر وائس چانسلر نے کہا کہ سروسز کو بہتر کرنے سے یہ تمام مسائل ازخود ختم ہوجائیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button