فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی طالبات کی طرف سے بی سی اے ڈگری شو ‘تیتے ایتے 2023’ کا انعقاد
راولپنڈی : فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر آرٹس اینڈ فائن آرٹس کی طالبات نے بی سی اے ڈگری شو ميں اپنے فن پاروں کی نمائش کی، ایف جے ڈبلیو یو کی معزز پرو وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر عزیرہ رفیق نے تقريب کا افتتاح کیا۔ تقریب نے ابھرتے ہوئے فنکاروں کے لیے ایک پلیٹ فارم کا کردار ادا کيا ۔ اس تقریب میں نہ صرف طلباء کی کامیابیوں کا سراہا گیا بلکہ عصری مسائل کو حل کرنے میں فن کے اہم کردار پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ بی سی اے ڈگری شو نے طلباء کے لیے اپنے فن کے ذریعے سماجی مسائل پر روشنی ڈالنے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر بھی کام کیا۔ طلباء نے جبری شادیوں، اور خود شناسی جیسے موضوعات کو نہایت خوبصورتی سے آرٹ کے ذريعہ پيش کيا۔ پروفیسر ڈاکٹر عزیرہ رفیق نے طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں اور اہم مسائل کو اپنے فن پارے کے ذریعے اجاگر کرنے پر ان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوۓ انہيں معاشرے میں مثبتیت، امید اور تبدیلی لانے کے لیے آرٹ کو بطور ذریعہ استعمال کرنے کی تلقين کی۔