ترکیہ کے طلبہ نے اوپن یونیورسٹی میں اردو لینگوئج کورس مکمل کرلیا
گریجوئٹ طلبہ ترکیہ میں ہمارے سفیر ہوں گے، دونوں ممالک کے تعلقات بڑھانے میں کردار ادا کریں گے۔ ڈاکٹر ناصر محمود وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی
ہمارے طلبہ کو اردو زبان سکھانے پر شکرگزارہیں۔ترکیہ کے تعلیمی اتاشی مہمت بے
اسلام آباد : ترکش سٹوڈنٹس فیڈریشن اورعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے مابین معاہدے کے نتیجے میں ترکیہ کی یونیورسٹی آف استنبول کے طلبہ کے دوسرے بیچ نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ اردو میں ایک ماہ دورانیہ کا "اردو لنگوئج کورس”مکمل کرلیا ہے،تقسیم اسناد تقریب گذشتہ روز منعقد کی گئی، وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے صدارت کی جبکہ پاکستان میں ترکیہ ایمبیسی کے تعلیمی اثاشی، مہمت بے مہمان خصوصی تھے۔یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ پاکستان کے ڈائریکٹر،پروفیسر ڈاکٹر خلیل طوقار، یونیورسٹی کے چاروں ڈینز اورشعبہ بین الاقوامی امور کے ڈائریکٹر، ڈاکٹرزاہد مجید کے علاوہ یونیورسٹی کے پرنسپل افسران و فیکلٹی ممبران موجود تھے۔تقریب کے آغاز پر ترکیہ کے طلبہ نے اپنا تعارف اردو زبان میں کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک ماہ کے قلیل عرصے میں اردو لکھنا، بولنا سیکھ لی ہے اور مطالعاتی دورانیہ کے دوران مختلف مقامات کا دورہ کرنے کے مواقعوں پر اردو ہی کو ذریعہ اظہاربنایا، ہماری خواہش ہوگی کہ ہمیں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں سیکھنے کے مزید مواقع ملیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ ایک ماہ کے مختصر عرصے میں ترکیہ کے طلبہ کا اردو زبان میں بات کرنا کمال کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے طلبہ نے اردو میں بات کرتے ہوئے ایک لفظ بھی انگریزی کا استعمال نہیں کیا جس پر وہ انہیں اور ان کے اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ڈاکٹر ناصر محمود کا کہنا تھا کہ زبان و ثقافت کا آپس میں گہرا تعلق ہے اور زبان ایک دوسرے کو سمجھنے اور ربط بڑھانے کا سب سے موثر ذریعہ ہے، اردو لنگوئج کورس مکمل کرنے والے طلبہ ترکیہ میں ہمارے سفیر ہوں گے جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید بڑھانے میں کردار ادا کریں گے۔ترکیہ کے تعلیمی اتاشی نے کہا کہ ہمارے طلبہ کو اردو زبان سکھانے پر ہم علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور اساتذہ کے شکرگزار ہیں۔استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے کہا کہ ترکیہ کے طلبہ کو پڑھانے والے اساتذہ نے شفقت اور جذبے سے اردو سکھائی جس کے نتیجے میں ترکیہ کے طلبہ نے اسلام آباد کے اتوار بازار، عمارات، باغات، مارکیٹوں، ٹیکسلا کے مقامات آثار قدیمہ اور لاہور کے تاریخی و ثقافتی مقامات کے دوروں کے دوران اردو زبان کو اظہار کا ذریعہ بنایا، ہر ایک سے اردو میں بات کرتے رہے۔تقریب سے شعبہ بین الاقوامی امور کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر زاہد مجیداور شعبہ اردو کے استاد، ڈاکٹر ارشد محمود ارشادنے بھی خطاب کیا۔تقریب کے اختتام پر وائس چانسلراور تعلیمی اثاشی نے ترکیہ کے طلبہ اورانہیں پڑھانے والے اساتذہ میں اسناد تقسیم کئے۔