غیرقانونی داخلوں، غیر قانونی ہاسٹل الاٹمنٹ کے لئے کوئی دباو قبول نہیں کریں گے، ترجمان پنجاب یونیورسٹی
لاہور : پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایک درجن طلباء پر مشتمل گروہ نے میرٹ پر پورا نہ اترنے والے چند خاص امیدواروں کے داخلے اور غیر قانونی ہاسٹل الاٹمنٹ کے لیے دھرنا دے رکھا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ انتظامیہ نے طلباء کے ساتھ متعدد مرتبہ مذاکرات کئے اور مطلع کیا ہے کہ میرٹ کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ تاہم طلباء کا مختصر گروہ قانون کو ہاتھ میں لے کر یونیورسٹی کی پرامن فضا کو خراب کرنا چاہتا ہے اور اس سلسلے میں اس گروہ نے طلباء مسائل کے نام پر دوسرے طلباء گروپوں کو ساتھ ملانے کی بھی کوشش کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اسی وجہ سے چند طلباء نے یونیورسٹی کے گیٹ نمبر1کی تالا بندی کی کوشش کی جسے یونیورسٹی انتظامیہ نے ناکام بنا دیا۔ ترجمان نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ میرٹ پر تمام داخلے اور ہاسٹل میں الاٹمنٹ میرٹ پر کر رہی ہے اور اس سلسلے میں ایک بھی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔ طلباء کا یہ احتجاج میرٹ سے ہٹ کر داخلوں اور غیر قانونی ہاسٹل الاٹمنٹ کے لئے ہے جسے انتظامیہ کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔