پولیس

سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے چہلم امام حسین کیلئے منظم ٹریفک پلان تشکیل دیدیا ہے

ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے متبادل راستوں کا بندوبست کیا گیا ہے، چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان

پشاور : سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے ترجمان نے اپنی ایک پریس ریلیز میں بتایا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے چہلم امام حسین کیلئے منظم ٹریفک پلان تشکیل دیدیا ہے۔ اس سلسلے میں چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان کی سربراہی میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس پی ہیڈ کوارٹرز طیب جان ‘ ایس پی کینٹ عنایت علی ‘ ایس پی سٹی محمد سعید ‘ ایس پی ٹاؤن شازیہ شاہد’ ڈی ایس پیز اور دیگر افسران نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان نے چہلم امام حسین کے موقع پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے مختلف سیکٹروں میں 4 ایس پیز 11 ڈی ایس پیز، ایک ہزار سے زائد ٹریفک آفیسرز اور وارڈنز سمیت دیگر نفری تعینات کرنے کا فیصلہ کیا اسی طرح شہر کے مختلف سیکٹروں میں 54 رائیڈرز اور 18 فورک لفٹرز کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان نے ٹریفک عملے کو ضلع بھر میں جلوسوں کی گزر گاہوں کا جائزہ لیکر ہر قسم کے سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی ۔ چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان نے کہا ہے کہ چہلم امام حسین کے موقع پر امام بارگاہوں کو جانیوالی راستوں کو ٹریفک کیلئے بند کیا جائیگا اور شہریوں کی سہولت کیلئے پہلے سے متبادل راستوں پر نفری تعینات کرنے کا پلان بنا لیا گیا ہے تاکہ شہریوں اور عزاداروں کو کسی قسم کی مشکلات درپیش نہ ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے افسران وقتا فوقتا مختلف علاقوں میں قائم امام بارگاہوں کے دورے کر کے تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو درپیش مسائل بارے آگاہی حاصل کرینگے اور جہاں کہیں بھی مسائل کی نشاندہی کی جائے گی اس کے فوری حل کے لئے اقدامات اٹھائے جائینگے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو سفری سہولت فراہم کرنے اور کسی بھی قسم کی ٹریفک جام سے بچنے کے لئے سڑکوں پر ٹریفک پولیس کی بھاری نفری تعینات ہو گی اس سلسلے میں پہلے سے ڈائیورژن پلان بھی تیار کرلیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات درپیش نہ ہوں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button