اوپن یونیورسٹی میں موسمیاتی تبدیلی پر آگاہی سیمینار کا انعقاد، موسمیاتی تبدیلی کو بین الاقوامی فورمز پر اجاگرکرنے پر زوردیا گیا
آب و ہوا کے بحران پر فوری کارروائی کی اشد ضرورت ہے۔ ڈین فیکلٹی آف سائنس پروفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد ارشد
اسلام آباد : علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی فیکلٹی آف سائنسز کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار کے مقررین نے موسمییاتی تبدیلی کے مسئلے کو بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افریقہ اور پاکستان دونوں ہی موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہونے والے خطوں میں شامل ہیں، افریقی ممالک اور پاکستان کو بین الاقوامی فورمز پر اس مسئلے کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنا ہوگا۔مقررین نے مزید کہا کہ پاک افریقہ تعلقات قیام پاکستان کے وقت سے موجود ہیں، پاکستان افریقہ کے کئی ملکوں میں قیام امن کے لئے اقوام متحدہ کے ساتھ کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ا فریقہ کے ساتھ معاشی، معاشرتی اور ثقافتی تعلقات کو مزید تقویت دینے کی ضرورت ہے۔سیمینار سے ڈین فیکلٹی آف سائنس، پروفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد ارشد نے کہا کہ آب و ہوا کے بحران پر فوری کارروائی کی اشد ضرورت ہے، یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے اس حوالے سے آگاہی سیمینار کے انعقاد کی ہدایت کی تھی۔ مقررین میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ سیاست اور انٹرنیشنل ریلیشنز کے چئیرمین، پروفیسر ڈاکٹر محمد خان اور ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف سوئل اینڈ انوائرمنٹ کے ڈاکٹر شاہد محمود شامل تھے۔ صوفیہ خالد نے سیمنیار کے انعقاد میں معاونت اور سرپرستی فراہم کرنے پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود اور ڈین،فیکلٹی آف سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد ارشد کا شکریہ ادا کیا۔