جامعات

اوپن یونیورسٹی کی ڈگریوں کو عراقی ہائرایجوکیشن میں تسلیم کرنے پر مشاورتی اجلاس، انٹرنیشنل طلبہ کو ہرممکن سہولت فراہم کرتے ہیں۔ ڈاکٹر ناصر محمود

عراقی طلبہ اوپن یونیورسٹی میں آن کیمپس پڑھنے کے خواہاں ہیں۔ تھرڈ سیکریٹری عراق

اسلام آباد : پاکستان میں عراقی سفارتخانے کے تھرڈ سیکریٹری، ڈاکٹر عبداللہ اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی ملاقات میں عراق کی وزارت تعلیم اور ہائر ایجوکیشن میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی ڈگریوں کو تسلیم کرنے پر مشاورت ہوئی، عراقی جامعات اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے مابین دو طرفہ تعاون بڑھانے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔عراقی سیکریٹری کا کہنا تھا کہ عراق میں پاکستان کی 31جامعات کی اسناد اور ڈگریاں تسلیم شدہ ہیں، ہم علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی ڈگریوں کو بھی تسلیم کرنے کے خواہاں ہیں۔عراقی سیکریٹری نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے دورے کے دوران یہاں کا انفراسٹرکچر دیکھ کراور یہ سن کر کہ پاکستان کی اس یونیورسٹی میں اب انٹرنیشنل طلبہ بھی داخل ہورہے ہیں اور یہاں صرف فاصلاتی نظام تعلیم نہیں بلکہ یہ جامعہ فیس ٹو فیس(آن کیمپس)اور آن لائن بھی پڑھا رہی ہے، خواہش پیدا ہوئی کہ عراقی نوجوان بھی پاکستان کی اس بڑی یونیورسٹی سے آن کیمپس تعلیم حاصل کریں۔عراقی سیکریٹری نے یقین دلایا کہ وہ اپنی رپورٹ میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی اسناد و ڈگریوں کو تسلیم کرنے کی سفارش کریں گے۔اِس بات پر اتفاق ہوا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا شعبہ بین الاقوامی امور عراقی سفارتخانے کے تھرڈ سیکریٹری کو ایک سرکاری مراسلے کے ذریعے یونیورسٹی کا تعارف اور ڈگریوں کو تسلیم کرانے کی درخواست کرے گا، تھرڈ سیکریٹری اوپن یونیورسٹی کی درخواست کو عراق کی وزارت تعلیم اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ڈگریوں کی تسلیم کے لئے اپنی سفارشات کے ساتھ ارسال کرے گا۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے بین الاقوامی جامعات کے ساتھ تعلقات بڑھانے پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی ہے، یونیورسٹی انٹرنیشنل طلبہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کرتی ہے۔ عراقی سیکریٹری کو یونیورسٹی کی پروفائل پر بریفننگ دیتے ہوئے شعبہ بین الاقوامی امور کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر زاہد مجید نے کہا کہ پاک۔ عراق کے لوگوں کے مابین مذہبی، تاریخی اور ثقافتی وابستگی پائی جاتی ہے اور ہم تعلیمی اشتراک کے ذریعے یہ تعلقات مزید مضبوط کرنے کا خواہش رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پاکستان کی واحد یونیورسٹی ہے جو سکول سطح سے پی ایچ ڈی سطح تک تعلیم فراہم کرتی ہے۔مشاورتی اجلاس میں یونیورسٹی کے پرنسپل افسران بھی موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button