پولیس

موٹروے پولیس میں افرادی قوت کی کمی کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ نگراں وفاقی وزیر برائے مواصلات

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کو درپیش چیلنجز, اور آپریشنل صلاحیت کو مزید بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ شاہد اشرف تارڑ

اسلام آباد : نگران وفاقی وزیر برائے مواصلات شاہد اشرف تارڑ نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سینٹرل پولیس آفس اسلام آباد کا دورہ کیا۔ اس موقع پروفاقی وزیر کو نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی کارکردگی، حکمت عملی اور دیگر مسائل کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر شاہد اشرف تارڑ نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور آپریشنل صلاحیت کو مزید بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن مدد اور تعاون کا یقین دلایا۔ انسپکٹر جنرل، سلطان علی خواجہ، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس، ڈی آئی جی صاحبان اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر شاہد اشرف تارڑ نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے، آپریشنل صلاحیت کو مزید بہتر اور مسافروں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ موٹروے پولیس کو جو پذیر ائی ملی ہے اس میں تمام افسران اورجوانوں کی انتھک محنت، حسن اخلاق، ایمانداری اور مدد کاجذبہ کارفرما ہے جو نہ صرف موٹروے پولیس بلکہ ہر پاکستانی کے لئے باعث فخر ہے۔ افسران نے اپنی شاندار کارکردگی، خوش اخلاق سے موٹروے پولیس کو نہ صرف مثالی ادارہ منوایابلکہ عوام کی مکمل خوشنودی اور اعتماد بھی حاصل کیا ہے۔ لہذا فسران مزید محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے ادارے کا نام مزید روشن کریں اور اپنے حسن اخلاق سے اس کی نیک نامی میں مزید اضافہ کریں۔ موٹروے پولیس نے اپنی بہترین حکمت عملی کے ذریعے ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی لائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیوروں کیلئے Anti Dozing Device لازمی قرار دی جائے۔ ٹریلر (CE)کیٹگری ڈرائیونگ لائسنس کی وجہ سے بیرون ملک میں روزگار کے مواقع بڑھ جائیں گے۔قومی شاہراؤں پر جرمانوں کی شرح میں اضافے کیلئے فی الفوراقدامات کئے جائیں۔ جرمانوں کی شرح میں اضافے کا آغازذاتی گاڑیوں سے کیا جائے۔ موٹروے پولیس میں افرادی قوت کی کمی کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے بڑے شہروں میں ڈرائیونگ لائسنس کے دفاتر جلد از جلد کھولے جائیں۔ قومی شاہراؤں پر انسانی جانوں کو حادثات سے بچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔موٹروے پولیس کی تنخواہوں میں اضافے کے لئے ذاتی طور پر بھر پور کوشش کروں گا۔ وفاقی وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑ نے نئی پیٹرولنگ گاڑیوں کی علامتی چابی آئی جی سلطان علی خواجہ کے حوالے کی۔وفاقی وزیر نے فرائض کی ادائیگی کے دوران جانوں کے نذرانے پیش کرنیوالے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے یاد گار شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کی درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button