پاکستان ہاکی لیجنڈ منظور جونیئر کو دارفانی سے رخصت ہوئے ایک سال ہوگیا
پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام مرحوم کی خدمات کو خراج پیش کرنے کے لئے انکی برسی کے موقع پر تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا۔
لاہور : پاکستان ہاکی لیجنڈ منظور جونیئر کو دارفانی سے گذرے ایک سال ہوگیا۔ پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کے ذریعہ دنیا بھر میں نام کمایا۔ پاکستان کے لئے دنیائے ہاکی کے اعلیٰ ترین اعزازات جیتنے والے پرائیڈ آف پرفارمنس اولمپین منظور حسین جونیئر گذشتہ سال 29 اگست 2022 کو دل کے دورہ کے باعث زندگی کا میچ ہار گئے تھے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام مرحوم کی خدمات کو خراج پیش کرنے کے لئے انکی برسی کے موقع پر تعزیتی اجلاس کانفرنس روم پاکستان ہاکی فیڈریشن ہیڈ کواٹرز لاہور میں منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں 1984 اولمپکس کے فاتح کپتان لیجنڈ اولمپیئن منظور حسین جونیئر کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کرائی گئی۔ سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن لیفٹینٹ کرنل ر محمد آصف ناز کھوکھر نے دنیائے ہاکی کے لیجنڈ کھلاڑی منظور جونیئر مرحوم کی پاکستان بالخصوص پنجاب ہاکی کے لئے خدمات کو سراہا۔ اجلاس میں پنجاب ہاکی ایسوسی کے عہدیداران سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن لیفٹینٹ کرنل ر آصف ناز کھوکھر، نائب صدر طاہر شریف گجر، ایسوسی ایٹ سیکرٹری رائے عثمان اکبر کھرل، عالمی ہاکی کپ گولڈ میڈلسٹ و ممبر قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی رانا محمد شفیق، شجاع اقبال راجہ، سید علی عباس، حافظ محمد ارشد، محمداکرام گجر، محمد فاروق، ملک محمد اکبر، ہارون بٹ، طارق بٹ، بابا شفیق خان موجود تھے۔ اجلاس کے بعد معزز حاضرین نے اولمپین منظور حسین جونیئر کے مزار پر حاضری دی اور چادر پوشی و گل پاشی کے بعد فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن و ایڈمنسٹریشن پی ایچ ایف میجر ر جاوید ارشد منج نے صدر پی ایچ ایف برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر، سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف حیدر حسین کی جانب سے اولمپین منظور حسین جونیئر کے بیٹے فیصل منظور، نبیل منظور، بھائی مقصود حسین انٹرنیشنل،محسن رفیق انٹرنیشنل، داماد مکرم مختار کو تعزیتی پیغام پہنچایا۔