موٹر وے پولیس نے تین لاکھ روپے مالیت کا گمشدہ موبائل فون تلاش کر کے مالک کے حوالے کر دیا
موٹر وے پر سفر کے دوران پشاور کے شہری کا کھویا ہوا موبائل فون جس کی قیمت اندازے کی مطابق تین لاکھ روپے ہے، موٹر وے پولیس کی بر وقت مدد سے مل گیا۔
اسلام آباد: تفصیلات کے مطابق پشاور کے رہائشی عمر نامی شخص پشاور سے اسلام آباد بذریعہ موٹروے سفر کرتے ہوئے چار سدہ کے قریب ٹائر چیک کرنے کیلئے رکا اس دوران اس کا موبائل فون گر گیا، اور وہ بے خبر رہا اور اس نے اپنا سفر جاری رکھا کچھ دیر معلوم پڑنے پر وہ پریشان ہو گیا اور راستے میں آنے والی موٹروے پولیس موبائل سے مدد طلب کی۔ اطلاع پاتے ہی موٹروے پولیس کی جانب سے مذکورہ موبائل فون کی تلاش شروع کر دی گئی بالاخر موبائل فون تلاش کر لیا گیا اور مالک کو اطلاع دے دی گئی۔ موبائل فون کی قیمت لگ بھگ تین لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔ بعد ازاں مالک نے بیٹ آفس آکر اپنا موبائل وصول کیا اور موٹروے پولیس کا شکریہ ادا کیا اس کاروائی کو سراتے ہوئے ڈی آئی جی موٹروے نارتھ زون محمد یوسف ملک نے افسران کو شاباش دی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ موٹروے پولیس اسی طرح عوام کی خدمت جاری رکھے گی ۔