ڈی آئی جی موٹروے محمد یوسف ملک کے زیر نگرانی موٹروے نارتھ زون آپریشنل میٹنگ کا انعقاد کیا گیا
حادثات کی روک تھام کے لیے کوئی کسر روا نہ رکھی جائے۔ ڈی آئی جی محمد یوسف ملک
اسلام آباد: تفصیلات کے مطابق کلر کہار بیٹ آفس میں موٹروے نارتھ زون کی آپریشنل میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت ڈی آئی جی موٹروے نارتھ زون محمد یوسف ملک نے کی۔جبکہ سیکٹر کمانڈرز اور بیٹ کمانڈرز نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔ میٹنگ میں زون ہذا کی آپریشنل کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی محمد یوسف ملک کا کہنا تھا کہ حادثات کی روک تھام کے لیے کوئی کسر روا نہ رکھی جائے۔ مزید میٹنگ میں یہ فیصلے کیے گئے کہ موٹروے پہ داخل ہونے والی تمام گاڑیوں کی فٹنس کو یقینی بنایا جائے، بالخصوص سواری والی گاڑیوں کو۔ کسی بھی ان فٹ گاڑی کو موٹروے پر داخلے کی اجازت نہ ہوگی ،اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ تمام سواری والی گاڑیوں میں ٹریکر موجود ہوں اور ان کا ایکسیس موٹروے پولیس کے پاس ہو تاکہ تیز رفتاری پر قابو پایا جا سکے۔ روٹ پرمٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ رش کے اوقات میں ٹول پلازوں پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی ،موٹروے پر چلنے والی ایسی سواری والی گاڑیاں جنہیں چار گھنٹے سے زائد سفر کرنا مقصود ہو ایسی سواری والی گاڑیوں میں دو ڈرائیوروں کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا ، مین ٹول پلازوں پر مزید دو پبلک سروس مینجمنٹ سسٹم کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔مزید ڈی آئی جی موٹروے نارتھ نے فیلڈ آفیسر کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور ضروری احکامات جاری کیے۔ ان اٹھائے گئے اقدامات کا بنیادی مقصد حادثات کی روک تھام اور موٹروے استعمال کرنے والوں کی حفاظت ہے۔