جامعات

اوپن یونیورسٹی سیرت النبیؐ پر شائع شدہ خطبات کے ویڈیو کلپس بنا کر سوشل میڈیا پر پرچار کرے گی۔ڈاکٹر ناصر محمود

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی سیرت چئیر کے انتظامی بورڈ و طباعتی کمیٹی کا اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے

اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی سیرت چئیر کے انتظامی بورڈ و طباعتی کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز چئیر کے صدر نشین، پروفیسر ڈاکٹر صاحبزادہ ساجد الرحمن کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں گزشتہ سال منعقد ہونے والی سرگرمیوں کا جائزہ رپورٹ پیشکی گئی، کتب و مسودات برائے طباعت اور مونوگراف و پروجیکٹ برائے سیرت النبی ؐ  کے علاوہ ربیع الاول کے لئے قومی سیرت کانفرنس کے انعقاد سے متعلقہ امور پر بحث کی۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ سوشل میڈیا کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر  اس امر کی ضرورت محسوس ہورہی ہے کہ سیرت النبیؐ پر شائع شدہ خطبات  کے ویڈیو کلپس بنائے جائیں اور سوشل میڈیا پر اِن ویڈیوز کا پرچار کیا جائے تاکہ اصلاح معاشرہ کے لئے رسول کریمؐ کی تعلیمات نوجوان نسل تک پہنچ سکیں۔وائس چانسلر نے سیرت چئیر کے انتظامی بورڈ کو یہ بھی ہدایت کی کہ چئیر کے لئے سیرت پرلکھنے والوں کو پابند کیا جائے کہ کتاب کا مسودہ لکھنے سے پہلے ایک دو صخوں پر کتاب کی سمری یا تعارفی نوٹ ارسال کیا کریں۔کمیٹی نے اتفاق رائے سے موصول شدہ 9کتب کے مسودات برائے طباعت میں سے 2کتب کے مسودات کو ریویو کے لئے کمیٹی میں رکھنے کی منظوری دے دی۔ڈاکٹر صاحبزادہ ساجد الرحمن نے کہا کہ نوجوان نسل کی راہنمائی کے لئے تعلیمات نبویؐ کا فروغ سیرت چئیر کا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال پانچ ماہ قبل یونیورسٹی میں یہ سیرت چئیر قائم کی گئی تھی جو بہت کامیابی کے ساتھ مقررہ اہداف حاصل کررہی ہے۔انہوں نے اپریل 2022ء تا اپریل 2023ء کی ایک سال کی سرگرمیاں تفصیل سے بیان کیں۔صاحبزادہ ساجدالرحمن نے مزید کہا کہ توسیعی لیکچرز، سیمینارز اور کانفرنسز کے انعقاد کی لئے ہم موضوعات کے انتخاب میں اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ موضوع معاشرتی ضرورتوں کے مطابق ہو۔محمد رفیق طاہر نے اپنے خطاب میں جڑانوالہ میں پیش آنے والے واقعے کو انتہائی افسوس ناک اور ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے تجویز پیش کی کہ ربیع الاول میں ایک قومی سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا جائے اور ایسے سیرت نگاران کو مدعو کیا جائے جو انارکی اور بدامنی پھیلانے والے عناصر کو مدلل انداز میں جواب دے سکیں۔ قبلہ آیاز نے قومی سیرت کانفرنس کے لئے اسلاموفوبیا کا موضوع تجویز کیا جس پر اراکین نے اتفاق کیا۔ بورڈ کے دیگر اراکین میں پروفیسر فتح محمد ملک، پروفیسر ڈاکٹر شاہ محی الدین ہاشمی، پروفیسر ڈاکٹر شاہ معین الدین ہاشمی، پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس، ڈاکٹر محمد سجاد، ڈاکٹر تنویر انجم، ڈاکٹر نور احمد شابتاز، ڈاکٹر سید عزیز الرحمن اور ڈاکٹر سعداللہ شامل تھے۔ پیر زادہ بختیار احمد نے برطانیہ سے آن لائن شرکت کی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button