تجارت

کامیاب رمضان پیکج، یوٹیلیٹی سٹورز کی سیل میں 30 ارب روپے کا اضافہ، ترجمان یوٹیلیٹی سٹورز

یکم اپریل تک لاہور نارتھ اور ساؤتھ کی سیل 2 ارب32 کروڑ روپے اور راولپنڈی کی ایک ارب72 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ یکم اپریل تک پشاور کی سیل ایک ارب37 کروڑ روپے اور اسلام آباد کی سیل ایک ارب 28 کروڑ روپے رہی۔

اسلام آباد : (بزنس کیفے) یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ترجمان نے کہاہے کہ رمضان پیکج کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز کی سیل 30 ارب روپے سے بڑھ گئی، سٹورزکی سیل یکم اپریل تک 30 ارب 29 کروڑ روپے رہی، رمضان پیکج کےتحت سیل کاہدف 36 ارب روپے مقرر ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق بدھ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یکم اپریل تک لاہور نارتھ اور ساؤتھ کی سیل 2 ارب32 کروڑ روپے اور راولپنڈی کی ایک ارب72 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ یکم اپریل تک پشاور کی سیل ایک ارب37 کروڑ روپے اور اسلام آباد کی سیل ایک ارب 28 کروڑ روپے رہی جبکہ کراچی کی سیل 78کروڑ30 لاکھ روپے رہی۔ رمضان پیکج کے تحت یکم اپریل تک حیدرآباد کی سیل41 کروڑ 50 لاکھ روپے رہی۔ کارپوریشن کے پاس 21 ارب 12 کروڑ روپے کا سامان موجود ہے اور یوٹیلیٹی سٹورز پر رمضان ریلیف پیکج چاند رات تک جاری رہے گا۔ وزیر اعظم رمضان ریلیف پیکج2024 کے تحت یکم رمضان سےملک بھر میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ 4 کروڑ خاندانوں کو 1200 موبائل سٹورز اور 300 سیلزپوائنٹس کے ذریعے اشیائے ضروریہ کی فراہمی جاری ہے۔ ملک بھر میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ 4 کروڑ خاندانوں کو سبسڈائزڈ نرخوں پر اشیائے ضروریہ فراہم کی جارہی ہیں، ملک بھر کے 1200 موبائل سٹورز اور 300 سیلزپوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تما م یوٹیلیٹی سٹورز پر وزیر اعظم رمضان ریلیف پیکج کامیابی سے جاری ہے۔ اس پیکج کےلئے وزیر اعظم نے یوٹیلیٹی سٹورز کی تاریخ کی سب سے بڑی سبسڈی دی ہے جس کے تحت 19بنیادی اشیا بشمول آٹا، چینی، گھی، کوکنگ آئل، بیسن، کھجور، سفید چنا، دالیں، چاول، چائے، دودھ، مشروبات اور مصالحہ جات پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں پی ایم ٹی ۔ 60یا اس سے کم کے رجسٹرڈ خاندانوں کو خصوصی رعایت دی جا رہی ہیں جو غریب اور متوسط خاندانوں کےلئے زبردست ریلیف کا باعث ہیں۔ اس کے علاوہ عام صارفین کےلئے بھی سینکڑوں معیاری اشیا خوردونوش انتہائی با رعایت دستیاب ہیں۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر دستیاب اشیا کے معیار اور وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے کسی بھی چیز کی کوئی کمی نہیں تمام صارفین بغیرکسی دشواری کے یوٹیلیٹی سٹورز پر تشریف لائیں اور وزیر اعظم ریلیف پیکج سے فائدہ اٹھائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button