چوتھا چیف آف نیول سٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ مئی میں لاھور میں منعقد ھوگا
ایونٹ میں پی ایچ ایف رینکنگ کی ٹاپ آٹھ ٹیمیں شرکت کرینگی
تفصیلات کے مطابق سٹیشن کمانڈر لاھور پاکستان نیوی کموڈور ساجد حسین (ستارہ امتیاز، ملٹری ) کی پاکستان ہاکی فیڈریشن اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے حکام سے میٹنگ ہوئی۔ سٹیشن کمانڈر پاکستان نیوی لاھور کی زیرصدارت اجلاس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ایگزیکٹو سیکرٹری پی ایچ ایف علی عباس، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن و کوآرڈینیشن و عالمی شہرت یافتہ پینلٹی کارنر سپیشلسٹ اولمپیئن خالد بشیر، سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر مبشر علی اور علی احمد وٹو سمیت پاکستان نیوی کی جانب سے ڈپٹی اسٹیشن کمانڈر جواد، ڈائریکٹر سپورٹس پاکستان نیوی محمد کامران، سپورٹس آفیسر پنجاب نیوی محمد رضوان شامل تھے۔ چوتھا آل پاکستان چیف آف نیول سٹاف ہاکی کپ 16 تا 24 مئی نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں منعقد ھوگا جس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ٹاپ رینکنگ والی آٹھ ٹیمیں شرکت کرینگی۔ جن میں ماڑی پیٹرولیم، پاکستان واپڈا، کسٹمز، پاکستان نیوی، پاکستان آرمی، پاکستان ایئرفورس، پولیس اور سندھ کی ٹیمیں شامل ہیں۔
ایونٹ کو شایان شان انداز میں منعقد کرانے کے لئے انتظامات کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس میں انتظامی امور زیربحث لائے گئے۔ ایگزیکٹو سیکرٹری پی ایچ ایف علی عباس نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے مکمل ٹیکنیکل سپورٹ اور معاونت کی یقین دہانی کرائی گئی۔
سٹیشن کمانڈر لاھور پاکستان نیوی کموڈور ساجد حسین ستارہ امتیاز (ملٹری) نے ایونٹ کے حوالہ سے انتظامات کے بارے میں ماتحت عملہ کو ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی قومی کھیل ہاکی کی ترویج و ترقی کے لئے منعقدہ اس ٹورنامنٹ کو شایان شان انداز میں منعقد کرائے گی۔