ایوان وزیراعظمقومی

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ملک کی معروف کاروباری شخصیات کے وفد سے ملاقات

کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت مستحکم اور بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہواہے،وزیراعظم محمد شہباز شریف

اسلام آباد (بزنس کیفے): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت مستحکم اور بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہواہے،صنعت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی سے معیشت کو مزید استحکام اور روزگار کے نئے مواقع فراہم کریں گے۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملک کی معروف کاروباری شخصیات کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ الحمدللہ ملک معاشی طور پر درست سمت میں گامزن ہے، بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات شامل کئے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت مستحکم اور بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا،بجٹ اقدامات کے نفاذ کیلئے حکومتی ٹیم سرگرم ہے، ملکی برآمدات میں اضافہ اولین ترجیح ہے، برآمدی صنعت کی ترقی کیلئے بجٹ اقدامات یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگان کو ان کے ریفنڈز کی فوری ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے،صنعت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی سے معیشت کو مزید استحکام اور روزگار کے نئے مواقع فراہم کریں گے۔ ملاقات میں وفد نے وزیراعظم کو ملکی معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے اور کاروبار و سرمایہ کاری کیلئے موزوں ماحول فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ وفد نے بجٹ کی کاروباری برادری میں پذیرائی کے بارے آگاہ کیا اور امید کا اظہار کیا کہ اس کے ملک میں کاروباری سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ملاقات میں شہزاد سلیم، زید بشیر، مصدق ذوالقرنین اور شہریار چشتی شریک تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button