ملک بھر میں بجلی و گیس چوروں کیخلاف کریک ڈاون کا فیصلہ۔ محسن نقوی
سپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس
ایف آئی اے حکام نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو یونان کشتی حادثہ کی تفصیلی رپورٹ پیش کی ،انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کیخلاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔
ایف آئی اے کو ہنڈی حوالہ میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا مزید تنگ کرنے اور زیر التوا پرموشن کیسز کو جلد نمٹانے کی ہدایت۔
اسلام آباد : وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پرملک بھر میں بجلی و گیس چوروں کیخلاف کریک ڈاون کا فیصلہ کیا گیاہے اور بجلی و گیس چوروں کے خلاف کریک ڈاون کے لئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں ۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بجلی و گیس چوروں کے خلاف ایف آئی اے کو خصوصی ٹاسک دے دیا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسنن نقوی نے ہدایت کی ہے کہ بجلی و گیس چوری میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اسلام آباد میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایف آئی اے حکام نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو یونان کشتی حادثہ کی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اس سانحہ میں ملوث تمام عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانا ہو گا۔ انسانی سمگلنگ میں ملوث تمام عناصر کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے، تاکہ اس ناسور کا سدباب ممکن ہو سکے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کو ہنڈی حوالہ میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا مزید تنگ کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایف آئی اے اہلکاروں کی زیر التوا ترقیوں پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے زیر التوا پرموشن کیسز کو جلد نمٹانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایک ماہ کی مقررہ مدت میں تمام زیرالتوا پرموشن کیسز کو نمٹایا جائے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہنڈی حوالہ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی سے پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے۔ اجلاس میں وزیر داخلہ کے گزشتہ ہفتے ایف آئی ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر جاری احکامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ ایڈیشنل ڈی جیز اور پاکستان کے تمام ریجن کے ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔