معروف ماہر تعلیم و مصنف شاہد صدیقی کی نئی کتاب "پاکستان، تعلیم اوراکیسویں صدی” کی تقریب رونمائی
اس کتاب میں پاکستان کے نظام تعلیم کے حوالے سے مفصل اور مدلل بحث کی ہے اور اس وقت کے جدید تعلیمی رجحانات اور امکانات کو وضع کرنے کی کوشش کی ہے۔ شاہد صدیقی
اسلام آباد : علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ملک کے معروف ماہر تعلیم/سابق وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کی کتاب ‘ پاکستان، تعلیم اوراکیسویں صدی ‘ کی تقریب رونمائی گزشتہ روز منعقد ہوئی۔ اس تقریب کی صدارت علامہ اقبال یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نےکی جبکہ مہمان خصوصی کتاب کے مصنف پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی تھے۔انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس پریذیڈنٹ، ڈاکٹر نبی بخش جمانی ، سربراہ شعبہ تعلیم، نمل یونیورسٹی، ڈاکٹر وجیہہ شاہد، فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی سے ڈاکٹر سلمٰی نذر اور اوپن یونیورسٹی کی ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن، ڈاکٹر تنزیلہ نبیل نے بطور مہمان اعزاز شرکت کی۔ڈاکٹر افشاں ہما نے میزبانی کے فرائض انجام دئیے۔
صاحب کتاب، پروفیسر شاہد صدیقی نے اپنی اس نئی کتاب کا پس منظر تفصیل سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کتاب میں پاکستان کے نظام تعلیم کے حوالے سے مفصل اور مدلل بحث کی ہے اور اس وقت کے جدید تعلیمی رجحانات اور امکانات کو وضع کرنے کی کوشش کی ہے۔ علامہ اقبال یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کتاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب پاکستان کے تعلیمی نظام کو سمجھنے کیلئے تعلیم سے وابستہ لوگوں کیلئے بہت مفید ثابت ہوگی۔ پاکستان میں تعلیم کے شعبےپر بہت کم کتابیں لکھی گئی ہیں، ہمیں اپنی ترجیحات میں کتابوں کو شامل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
مقررین نے کہا کہ شاہد صدیقی کی لکھی ہوئی اس کتاب کے موضوعات میں روانی ہے اور تمام موضوع ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ اس کتاب کو پڑھتے ہوئے کسی بھی ایک باب کو ادھورا چھوڑنا نا ممکن ہے۔ کتاب کے ہر باب اور موضوع کو با مقصد اور مدلل طریقے سے بیان کیا گیا ہے جو کہ مصنف کی تخلیقی سوچ اور صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔مقررین نے کہا کہ شاہد صدیقی پچھلی دو دہائیوں سے ادب کے ساتھ وابستہ ہیں، انکی تحریروں میں انسانیت اور حب الوطنی کی جھلک نمایاں ہوتی ہیں۔