فارم 47 کیا چیز ہے اور اسے قانون میں کیا کہتے ہیں؟ چیف جسٹس کا سوال
اسلام آباد: سپریم کورٹ میں انتخابی عذرداری اپیل پر سماعت کے دوران چیف جسٹس نے سوال کیا کہ فارم 47 کیا چیز ہے اور فارم 47 کو قانون میں کیا کہتے ہیں؟
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے (ن) لیگی رہنما اظہر قیوم نارا کی این اے 81 انتخابی عذرداری سے متعلق اپیل پر سماعت کی۔
دوران سماعت وکیل احسن بھون نے کہا کہ دوبارہ گنتی میں میرے موکل کامیاب قرار پائے، اس پر جسٹس عقیل عباسی نے کہا کہ ریٹرننگ افسرنےدوبارہ گنتی کی درخواست پر آرڈر نہیں کیا، ریٹرننگ افسر دوبارہ گنتی کا قانون کے مطابق پابند تھا، آپ کی درخواست پر دوبارہ گنتی ریٹرننگ افسر کو کرنی چاہیے تھی۔
اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان سوال کیا فارم 47 کیا چیز ہے اور فارم 47 کو قانون میں کیا کہتے ہیں؟ اس پر احسن بھون نے بتایا کہ فارم 47 ابتدائی نتیجہ ہوتاہے، حتمی نتیجہ فارم 48 پر جاری ہوتا ہے جب کہ فارم 47 کو قانون میں عارضی نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔
جسٹس عقیل عباسی نے کہا کہ اگر ریٹرننگ افسردوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردے توکیا ہوگا اور ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف دادرسی کا فورم کونسا ہوگا؟
وکیل احسن بھون نے دلائل دیے کہ 9 فروری کو ریٹرننگ افسر نے فارم 47 جاری کیا اور 11فروری کو ریٹرننگ افسر نے حلقے کا فارم 48 بھی جاری کردیا، انتظامی افسر کے فیصلے کے خلاف میرا مؤکل الیکشن کمیشن چلا گیا۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت میں وقفہ کردیا