سٹی ٹریفک پولیس کی تجاوزات مافیا کیخلاف کارروائیاں، درجنوں موٹرسائیکل و سامان ضبط، گرفتاریاں
تجاوزات مافیا رضا کارانہ طور پر تجاوزات کا خاتمہ کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان
پشاور: ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق سرکلر روڈ اور چارسدہ روڈ پر غیر قانونی سوزوکی سٹینڈ قائم کرنے پر 50 سوزوکی مالکان اور کینٹ سیکٹر میں نو پارکنگ زون کی خلاف ورزی پر90 موٹر سائیکل مالکان دھرلئےگئے۔ چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان نے شہریوں کو ہدایت کی کہ گاڑیاں اور موٹر سائیکل پارکنگ سٹینڈ میں پارک کریں جبکہ نو پارکنگ زون کی خلاف ورزی کرنیوالوں کی گاڑیاں ٹرمینل میں بند کی جائیں گی۔ چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں کی جانب سے شہر بھر میں تجاوزات مافیا کو رضا کارانہ طور پر تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت کی گئی تاہم تجاوزات مافیا کی جانب سے اس پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا تھا جس پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں کی جانب سے مختلف سیکٹروں میں کارروائیاں کی گئیں۔ چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان نے کہا ہے کہ تجاوزات مافیا رضا کارانہ طور پر تجاوزات کا خاتمہ کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی کیونکہ تجاوزات قائم کرنے سے ٹرانسپورٹروں اور راہ گیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔