ایچ ای سی نے انڈرگریجوایٹ ایجوکیشن پالیسی سے متعلق جامعات کے نمائندگان کی تربیت کا آغازکر دیا، پہلے بیچ میں 30 فوکل پرسنز کی شرکت
اسلام آباد : ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)نے حال ہی میں جاری کی جانے والی نئی انڈرگریجوایٹ ایجوکیشن پالیسی کے حوالے سے جامعات کے نمائندگان کی تربیت کا آغاز کر دیا ہے۔ پہلے بیچ میں 23 جامعات کے 30فوکل پرسنز نے شرکت کی۔ ایچ ای سی کے کریکولم ڈویژن کی طرف سے منعقد کردہ تربیتی سیشن میں ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر شائستہ سہیل نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ سیشن کی صدارت ایڈوائزر اکیڈیمکس ایندکریکولم انجینئر محمد رضا چوہان نے کی۔ اپنے ابتدائی کلمات میں ایڈوائزر ایچ ای سی نے نئی پالیسی کی طرف منتقلی کے عمل کو انڈرگریجوایٹ ڈگری پروگراموں کے لیے ایچ ای سی کے سابقہ فریم ورکس اور پالیسیوں کو نتھی کرتے ہوئے اجاگر کیااور کہا کہ پالیسی کی تشکیل میں شراکت دارانہ سوچ کو اپنایا گیا اور تمام جامعات اور متعلقین بشمول ایکریڈیٹیشن کونسلز سے مشاورت لی گئی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کریکولم ڈویژن ایچ ای سی ہدایت اللہ کاسی نے پالیسی کے مختلف پہلوئوں پر تفصیلی گفتگو کی اور شرکاء کو داخلہ، ڈگری پروگراموں کے نام، طلباء کی رہنمائی ، عمومی تعلیم کے مقاصد اور دیگر امور سے آگاہ کیا۔
تقریب کے اختتام پر اپنے خطاب میں ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر شائستہ سہیل نے پالیسی سے متعلق قیمتی آراء اور فیڈ بیک دینے پر جامعات کو سراہا اور پالیسیوں میں عصری تقاضوں کو مدنظر رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پالیسی پر عمل درآمد کے حوالے سے شرکاء کے کردار پر زور دیا اور بتایا کہ نئی پالیسی طلباء کے لیے کیسے مفید ثابت ہوگی۔