ایچ ای سی میں دوروزہ انوویٹر سیڈ فنڈ پروگرام کا آغاز؛ گرانٹ جیتنے والے اسٹارٹ اپس کو ایک کروڑ روپے سیڈ فنڈنگ دی جائے گی
جدت طرازی اور انٹرپرینیور شپ کی حوصلہ افزائی کرنا ایچ ای سی کے مقاصد میں سے ایک ہے۔
اسلام آباد : ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے پروگرام انوویٹر سیڈ فنڈ کے تحت دو روزہ پچنگ مقابلے آغاز ہو گیا ہے۔ جس میں تقریباََ 65 اسٹارٹ اپس شرکت کرکے انڈسٹری ماہرین پر مشتمل جج صاحبان کے سامنے اپنے کاروباری آئیڈیاز پیش کررہے ہیں۔ جدت طرازی اور انٹرپرینیورشپ کی حوصلہ افزائی کرنا ایچ ای سی کے مقاصد میں سے ایک ہے۔ ملکی سماجی و معاشی ترقی کے لیے مختلف گرانٹس مہیا کی جارہی ہیں۔ چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختاراحمد افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے اسٹارٹ اپس کے لیے منعقد کیے جانے والی تقریبات کو خوش آئند قراردیا اور مقابلہ میں شریک اسٹارٹ اپس کو ان کی طرف سے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کی غرض سے کی جانے والی کاوشوں پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے ایسے مواقع سے مستفید ہوتے رہنا چاہیئے اور معاشرتی مسائل کے حل کے لیے جدیدحل تلاش کرنے چایئے ہیں۔
انوویٹر سیڈ فنڈ ہائیر ایجوکیشن ڈیویلپمنٹ ان پاکستان (HEDP) ُپروگرام کے تحت شروع کیا جانے والا ایسا منصوبہ ہے جس کے ذریعے جامعات میں ایچ ای سی کے قائم کردہ بزنس انکیوبیشن سنٹرز کی وساطت سے مبتدی اسٹارٹ اپس کو معاونت اور سیڈ فنڈنگ مہیا کی جاتی ہے۔ ابتدائی طور پر دستیاب فنڈنگ کے لیے آئی ایس ایف کومختلف شعبہ جات بشمول زراعت، ترسیلات ، لاجسٹکس، ہائوسنگ، ای کامرس، ڈیجیٹل میڈیا، تعمیرات، اور خوراک کے وسائل سے 205 کانسیپٹ نوٹس موصول ہوئے۔ جن میں سے 175کانسیپٹ نوٹس کو منتخب کیا گیا۔ مزید یہ کہ اس مقابلے کے لیے 65اسٹارٹ اپس کو منتخب کیا گیا۔ مقابلے جیتنے والے 30 اسٹارٹ اپس کو 100,000,00 روپے کی فنڈنگ فراہم کی جائے گی اور بزنس انکیوبیشن سنٹرز کی طرف سے انٹرپرینیورشپ کی تربیت کی صورت میں تعاون بھی فراہم کیا جائے گا۔
گزشتہ سال 15اسٹارٹ اپس کو آئی ایس ایف فنڈنگ فراہم کی گئی، جبکہ اس سال 30اسٹارٹ اپس کو گرانٹس فراہم کی جائیں گی۔