جامعات
اوپن یونیورسٹی نے مون سون شجرکاری مہم کا آغازکردیا
وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹرناصر محمودنے میپل لیف کا پودا لگاکر مہم کا افتتاح کیا
شجر کاری ملک کی ضرورت ہے، طلبہ کو بھی متحرک کریں گے۔ڈاکٹر ناصر محمود
اسلام آباد:علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے مون سون کی شجر کاری مہم سال 2023کا آغاز کردیا۔ وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹرناصر محمودنے یونیورسٹی کے مین کیمپس میں میپل لیف کا پودا لگا کر مہم کا افتتاح کردیا، پودے لگانے کی افتتاحی تقریب میں یونیورسٹی کے ڈینز، پروفیسرز، فیکلٹی ممبران و پرنسپل افسران موجود تھے۔اس موقع پرپروفیسر ڈاکٹرناصر محمودنے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے پیش نظر پودے لگانا ملک کی اہم ترین ضرورت بن گئی ہے اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ہر سال بہار اور خزاں دونوں موسموں میں نہ صرف یونیورسٹی کے مین کیمپس میں بلکہ ملک بھر میں قائم یونیورسٹی کے 54علاقائی دفاتر میں بھی سینکڑوں پودے لگا کراس ضرورت کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مون سون شجر کاری مہم کو ملک گیر سطح پر چلائیں گے، علاقائی دفاتر کے ذریعے مون سون کی شجر کاری مہم میں طلباء و طالبات کو بھی متحرک کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے مالیوں نے یونیورسٹی کو پھولوں اور پودوں سے سجاکر طلباء و طالبات کو ایک سازگار تعلیمی ماحول فراہم کیا ہے جس پر مالی مبارکباد کے مستحق ہیں۔یونیورسٹی کی ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن، پروفیسر ڈاکٹر تنزیلہ نبیل، ڈین فیکلٹی آف سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد ارشد، ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز، ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان، رجسٹرار، راجہ عمر یونس، ڈائریکٹر ایڈمن، پروفیسر ڈاکٹر سید عامر شاہ، ڈائریکٹر شعبہ داخلہ، سید ضیاء الحسنین نقوی، کنٹرولر امتحانات، میاں محمد ریاض، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز، ڈاکٹر بخت روان و دیگر پرنسپل آفیسرز نے بھی پودے لگائیں۔
شعبہ زرعی سائنس کے ہارٹیکلچر آفیسر، وجیح الحسن کے مطابق یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی ہدایات کی روشنی میں کنزرویٹیو فارسٹ ڈپارٹمنٹ سے ایک ہزار پودے مانگے ہیں، اِن پودوں کو یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر میں لگائے جائیں گے۔
Please Add Zoom Botton