اسپیکر قومی اسمبلی کا یوم دفاع ختم نبوت کے حوالے سے پیغام
اسلام آباد ؛ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے یوم دفاع ختم نبوت کے حوالے سےاپنے پیغام میں کہا ہے کہ 7 ستمبر کا دن ایک تاریخ ساز دن ہے، آج کے دن 1974 میں عقیدہ ختم نبوت سے متعلق متفقہ آئینی ترمیم منظور کی گئی۔متفقہ آئینی ترمیم کی منظوری کا کریڈٹ اس وقت کے وزیراعظم قائد اعوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور تمام سیاسی اکابرین و زعماء کو جاتا ہے۔اس آئینی ترمیم کے ذریعے عقیدہ ختم نبوت پر ایمان نہ رکھنے والوں کو آئینی طور پر باقاعدہ غیر مسلم قرار دیا گیا۔ ختم نبوت کا عقیدہ اسلام کی اساس اور مسلمانوں میں وحدت کی علامت ہے۔آپﷺ سلسلہ نبوت کی آخری کڑی ہیں اور یہ ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی جزو ہے۔قرآن مجید میں ختم نبوت کے واضح احکامات ہیں کہ آپ ﷺ اللہ کے رسول اور آخری نبی ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔اسلام تمام مذاہبِ کے ماننے والوں کا احترام کرنے کی تلقین کرتا ہے اور ان کے عقیدے کے مطابق انہیں اپنے مذہبی رسومات منانے کی اجازت دیتا ہے۔ آئین پاکستان میں اقلیتوں کو اپنے رسم و رواج کے مطابق زندگی بسر کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔مغرب میں توہین قرآن ورسالت کے واقعات انتہائی تکلیف دہ ہیں۔ان واقعات سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات اور احساسات کو مجروح کیا جا رہا ہے۔باقی مذاہبِ کے ماننے والوں پر لازم ہے کہ مسلمانوں کے جذبات اور احساسات کا احترام کریں۔آزادی اظہار رائے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ دوسروں کے مذہب کا مذاق اڑایا جائے اور ان کے جذبات اور احساسات کو مجروح کیا جائے۔